اسلام آباد : پیمرا نے بھارتی موادنشرکرنے سے متعلق ہدایت نامہ میں کہا ہے کہ ہرقسم کا بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی ہے ، عملدرآمد میں کوتاہی پیمرا ہدایت نامہ اورعدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پیمرا نے بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایت نامہ جاری کردیا، ہدایت نامےمیں کہا گیا ہےکہ ہرقسم کابھارتی موادنشر کرنےپرمکمل پابندی ہے، بھارتی کلپس،گانے ، نیوز رپورٹ میڈیاپرنشرنہیں کی جائیں گی۔
ہدایت نامہ کے مطابق بھارتی تجزیے اور سیاسی گفتگو نشر کرنے پر بھی پابندی ہوگی، چینلز نہ ہی بھارتی صحافی،سیاستدان اورسلیبرٹی کو ٹاک شومیں مدعو کریں گے اور بھارتی اداکاروں کی تشہیر اور اشتہارات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا عملدرآمدمیں کوتاہی پیمرا ہدایت نامہ اورعدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی۔
خیال رہے رواں سال مارچ میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی 19 اکتوبر2016 کی غیر ملکی مواد نہ دکھانے کی پالیسی بحال کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا، جس کے تحت کسی بھی نجی چینل پربھارتی موادکی تشہیر نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا بھارت سے سفارتی تعلقات محدود، دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ
یاد رہے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پاکستان کے سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پاکستان نے فیصلہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں لے جایا جائے گا، 14 اگست کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے طور پر منایا جائے گا، جب کہ 15 اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔