کراچی : وکیل اے آروائی بیرسٹر ایان میمن کا کہنا ہے کہ پیمرا یقین دہانی کے باوجود کیبل آپریٹرز کو سرکلر جاری نہ کرکے مزید توہین کا مرتکب ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وکیل اے آروائی بیرسٹر ایان میمن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے یقین دہانی کے باوجود کیبل آپریٹرز کو سرکلر جاری نہیں کیا۔
بیرسٹر ایان میمن کا کہنا تھا کہ پیمرا نے اے آر وائی نشریات پراعتراض نہ ہونے کی یقین دہانی بھی جمع نہیں کرائی ،عدالت نے یقین دہانی کا ڈرافٹ15اگست کو ہی جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
پیمرا کے عمل سے نہ صرف توہین عدالت کی درخواست باقی ہے بلکہ پیمرا مزید توہین کا مرتکب ہوا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے چیئرمین پیمرا اوردیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مشروط طور پر نمٹا دی تھی۔
عدالت نے کہا تھا کہ چیئرمین پیمرا کیبل آپریٹرز کو نشریات بحال کرنے کا تحریری حکم جاری کریں۔
عدالت نے استفسار بھی کیا کہ اے آر وائی نیوز کی نشریات اب تک بحال کیوں نہیں ہوئیں؟ چیئرمین پیمرا نے عدالت میں بیان دیا اےآروائی نیوز کی نشریات پیمرا نے بند نہیں کیں، اےآروائی کی نشریات نہیں آرہیں تو کیبل آپریٹرز کی وجہ سے ایساہوسکتا ہے۔
وکیل پیمرا نے حتمی فیصلے تک اے آر وائی نیوز کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی، بعد ازاں عدالت نے پیمرا کی جانب سے آج ہی سرکلرجاری کرنے کی یقین دہانی پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی تھی۔