اسلام آباد: پیمرا نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر اور تصاویر پر نشر واشاعت پر پابندی کا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پیمرا نے الطاف حسین کی تقاریر کی نشر واشاعت پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا پیمرا کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، پیمرا کے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹی وی چینلز الطاف حسین کے متعلق اور ان کے بیانات، تصاویر، تقاریر اور کسی بھی قسم کے ٹکرز نہ چلانے کے پابند ہوں گے۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے الطاف حسین پابندی سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، جس میں عدالت کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف پابندی لگانے کیلئے مناسب مواد موجود ہے، جس پر ان کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
عدالت نے پیمرا کو الطاف حسین کی تقاریر اور تمام سرگرمیوں کو میڈیا پر بلیک آوٹ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی اور چیئر مین پریس کونسل کو فوری طور پر پرنٹ میڈیا سے عمل درآمد کروانے کا حکم بھی دیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق کیس کی سماعت میں سنایا، عدالت نے الطاف حسین کی شہریت کے حوالے سے ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔