اسلام آباد: چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کی ضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے باقاعدہ تربیتی پروگرام 13 جنوری سے شروع کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیمرابصار عالم نے کہا کہ ’’پیمراضابطہ اخلاق 2015 پر عمل درآمد کیلئے میڈیا ہاؤسزکیلئے تربیتی پروگرام کا آغاز کرے گا اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں نیوز چینلز کے بیورو آفسز میں کام کرنے والے ورکرز کو تربیت دی جائے گی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی ضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہی نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث پیمرا نے ضابطہ اخلاق سے متعلق تربیتی پروگرام تشکیل دیا ہے جس کا باقائدہ آغاز تیرہ جنوری سے شروع کر دیا جائے گا۔
ابصار عالم نے بتایا کہ یہ پروگرام پانچ ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا جبکہ اسلام آباد میں تربیتی کیمپ کے بعد ٹیمیں چینلز کے دفاتر کا دورہ کر کے تربیتی ننشتوں کا بھی اہتمام کریں گی۔