تازہ ترین

ڈاکٹروں نے 12 سالہ بچے کے پھیپھڑے میں پھنسا پین کا ڈھکن نکال لیا

بھارتی ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کر کے 12 سالہ بچے کے پھیپھڑوں میں پھنسے پین کے ڈھکن کو نکال کر اُس کی زندگی بچالی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کلکتہ کے جنوبی علاقے گاریا کے رہائشی 12 سالہ بچے کو شدید کھانسی اور سردی لگنے کے بعد اسپتال لایا گیا۔

ڈاکٹرز نے بچے کی حالت کو دیکھ کر اُسے اسپتال میں داخل کیا، والدین کا خیال تھا کہ اُن کے بیٹے کو نمونیہ ہوگیا جس کی وجہ سے حالت ایسی ہوگئی۔

ایس ایس کے ایم اسپتال کے شعبہ ای این ٹی کے سینئر ڈاکٹر ارونبا سینگوپتا نے بچے کی حالت کو دیکھنے کے بعد سی ٹی اسکین کی تجویز دی جس کے بعد اُس کا ٹیسٹ کروایا گیا۔

رپورٹ سامنے آنے پر ڈاکٹرز کو معلوم ہوا کہ بچے کے پیھپھڑے کے ساتھ کوئی چیز چپکی ہوئی ہے جو اُس کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔

سی ٹی اسکین کا جب تفصیلی معائنہ کیا گیا تو ڈاکٹرز کو اس بات کا علم ہوا کہ پھیپھڑے کے ساتھ پین کا ڈھکنا چپکا ہوا ہے۔

ڈاکٹرز نے والدین کو جب اس صورتحال سے آگاہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ اُن کے بچے نے نومبر میں پین کا ڈھکن نگل لیا تھا، البتہ اُسے کھانسی کی شکایت بچپن سے ہی ہے۔

ڈاکٹر ارونبا سینگوپتا نے فوری طور پر آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا اور جمعرات کے روز بچے کی کامیاب سرجری کی گئی جس کے نتیجے میں پین کا ڈھکنا نکالا گیا۔

ارونبا سینگوپتا کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر اور پہلے سے بہت بہتر ہے، ایک دو روز میں مریض کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

Comments

- Advertisement -