کراچی: شہر قائد میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور معمولات زندگی بھی متاثر ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا بُرا حال ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی چھ چھ گھنٹے بجلی نہیں ہوتی۔
لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں اورنگی ٹاؤن، کورنگی ، صفوراگوٹھ، اسکیم 33، ابوالحسن اصفہانی روڈ شامل ہیں جبکہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، ماڈل کالونی، نیوکراچی، نارتھ کراچی میں بھی غیر اعلانی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
کراچی:ملک بھرمیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، عوام کا جینا محال
علاوہ ازیں فیڈرل بی ایریا کے بلاک آٹھ، نو، دس ، تیرہ اور چودہ شامل ہیں ، اسی طرح لیاقت آباد سی ون ایریا ، سی ایریا اور دس نمبر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہریوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ چند ماہ قبل شہر میں بڑھتی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھا گیا تھا جس میں وزیراعظم کی کراچی میں بجلی کے شارٹ فال اور بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر توجہ دلائی ہے۔
جماعت اسلامی کا 6 اپریل کو کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کا اعلان
واضح رہے کہ کراچی میں بارہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور شدید گرمی میں عوام بجلی کے بغیر رہنے پر مجبور ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔