کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف عوام کا ساتھ ہی سب سے بڑی نعمت اور دولت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے آج شام 6 بجے کرونا وائرس پر اجلاس طلب کر لیا جس میں کرونا وائرس کے پھیلائو،ٹرینڈ اور مقامی منتقلی کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ آج سے دکانیں شام 5 بجے سے بند رکھنے کے احکامات پہلے ہی دے چکے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں بھرپور ساتھ دے رہے ہیں، عوام کا ساتھ ہی سب سے بڑی نعمت اور دولت ہے۔
کروناوائرس: ’’حکومت بڑے پیمانے پر آئسولیشن رومز بنارہی ہے‘‘
اس سے قبل گزشتہ روز وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا کا مریض گھر پر رہتا ہے تو گھر والوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے، حکومت بڑے پیمانے پر آئسولیشن رومز بنا رہی ہے تا کہ وائرس کو پھیلنے نہ دیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1373 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق اور 23 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔