وزیر آباد : بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایم آر ڈی کی صورت میں مشرف کی آمریت کا بھی مقابلہ کیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر آباد میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ملک بچانے اور تاریخ بنانے نکلیں ہیں، بھٹو کی تیسری نسل اس سلیکٹڈ نظام کا مقابلہ کرنے نکلی ہے اور ہم پی ڈی ایم کی صورت میں اس نظام کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ مولانا، مریم، اسفند یار ولی ،بلوچستان، پختونخوا کی جماعتوں کیساتھ ملکر ملکی نمائندگی کرینگے اور جلد اس ظالم حکمران سے عوام کی جان چھڑائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے غریب، کسان اور مزدور کا جینا محال کردیا ہے، اسی لیے عوام ہمارے ساتھ ہے اور اب ہم عوامی حکومت بنائیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور غربت کی بڑھتی شرح نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے لیکن ہم نے ملک کو مزید تباہی سے بچانا ہے۔