لاہور: مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ لوگوں نے نوازشریف کا استقبال کرنے سے انکار کردیا، کچھ کارکنان گلیوں میں پھر کر ٹریفک جام کرتے رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی قیادت منصوبہ بندی کے تحت نوازشریف کے استقبال کے لیے دیر سے نکلی، امیر مقام کو خیبرپختونخواہ سے ایک روز پہلے ہی نکل جانا چاہیے تھا۔
اُن کا کہنا تھا اس سے زیادہ لوگ تو ہم نے مشرف دور میں جمع کیے تھے، مگر کل لاہور والوں نے عدالت سے سزا یافتہ شخص کا استقبال نہ کر کے زندہ دلی کا ثبوت دیا اور انہوں نے ثابت کردیا کہ پنجاب کا دارالحکومت کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بیرکوں میں منتقل کردیا گیا
زعیم قادری نے سوال کیا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوارآخر کیوں اپنے حلقوں میں منہ چھپاتے پھر رہے ہیں؟ لاہوروالوں نے کل نوازشریف کاحال برا کردیا۔
واضح رہے کہ نیب عدالت سے سزا یافتہ نوازشریف اور اُن کی صاحبزادی گزشتہ روز لندن سے وطن واپس پہنچے تھے، لاہور ائیرپورٹ پر انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لے کر دونوں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بتاؤں گا لاہور اور پنجاب کسی کی جاگیر نہیں،زعیم قادری
مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نے لندن روانگی سے قبل کارکنان سے اپیل کی تھی کہ وہ بڑی تعداد میں لاہور ائیرپورٹ استقبال کے لیے پہنچیں مگر گزشتہ روز ایسا کچھ نظر نہیں آیا ، نگراں صوبائی حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات بھی کیے تھے۔