کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھر،میرپورخارص،عمرکوٹ،بدین ،سجاول کے ڈی سیز کو فون کر کے عوام کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کی ہدایت کی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے،متاثرہ عوام کوخوراک ،پینے کا پانی وغیرہ مہیا کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کےعملے کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی شاخوں اور ایل بی او ڈی کے پشتوں کا خیال رکھا جائے،کسی بھی مقام پر شگاف ہو تو فوری اس کو بھر دیا جائے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہرگھنٹے ڈپٹی کمشنرز کی طرف سے ریلیف کاموں کی رپورٹ چاہیے۔
یاد رہے کہ 29 اگست کو طوفانی بارشوں کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا تھا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام 6 اضلاع کے علاوہ بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، دادو، میرپور خاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، بینظیرآباد اور سانگھڑ کے اضلاع کو بھی آفت زدہ قرار دیا گیا۔