لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کے عوام اب کام چاہتے ہیں، جھوٹے نعرے اور وعدے نہیں، ماضی میں بھی قوم سے جھوٹ بولا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ہمیشہ ملک کو لوٹا ہے، آج بے روزگاری ہے کرپشن عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر حقیقی اسلامی ریاست قائم کریں گے، عوام کو نعروں کے بجائے کام کر کے دکھائیں گے، ملک میں تعلیمی نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
سربراہ جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں کل ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، پشاور دھماکا قومی سلامتی پر حملہ ہے۔
امریکا کی پشاور خودکش دھماکے کی شدید مذمت
یاد رہے گذشتہ روز خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید اور 75 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
ہارون بلور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، ان کی شہادت کے باعث پی کے 78 پر الیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر 2012 اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو شہید کیا گیا تھا، اس سانحے میں عوامی نیشنل پارٹی رہنما سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔