کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آئندہ 10 دن میں اپنی دسترس سے باہر کام کرکے دکھائیں گے، ہماری حکومت میں تبدیلی نظر آئے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں انٹرویودیتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 1 دن کی حکومت سے سوال ایسے کیے جارہے ہیں جیسے 5 سال سے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتر کرنے کے لیے ہر کام کریں گے، لوگوں کو ہم سے امیدیں ہیں ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کی حکومت میں تبدیلی محسوس ہوتی نظر آئے گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی 22 سال میں اصل جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے، ملکی عوام کو کام ہوتا نظر آئے گا، اپنی دسترس سے باہر کام کریں گے۔
وزیرِ خزانہ اسد عمر نے نو منتخب صدر سے دعوت کا تقاضا کر لیا
پوچھے گئے ایک سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بابراعوان کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ عدالت کرے گی، بابراعوان نے استعفیٰ دے کر پی ٹی آئی حکومت کا ساتھ دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بابراعوان اگر کلیئر ہوگئے تو دوبارہ حکومتی امور سنبھالیں گے، انکوائری تو ہر ایک کی ہورہی ہے اس کی بنیاد پر کوئی مستعفی نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ آج ملک میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار عارف علوی پی پی کے اعتزاز احسن اور اپوزیشن کے مولانا فضل الرحمان کو شکست دیتے ہوئے تیرہویں صدرِ مملکت منتخب ہوگئے ہیں۔