منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل، نیب کی ایک گھنٹے تک دونوں بھائیوں سے تحقیقات

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نامزد سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے قومی احتساب بیورو کے افسران نے ایک گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی۔

تفصیلات کے مطابق پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نامزد ملزمان خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی سلمان رفیق نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں اُن سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیر ریلوے اور صوبائی وزیر صحت کو نیب میں پیش ہوکر پیراگون ہاؤسنگ سے متعلق تمام دستاویزات اور منی ٹریل پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں: گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، خواجہ سعد رفیق

ذرائع کے مطابق نیب کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے الگ الگ تحقیقات کی اور دونوں بھائی ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران وہ افسران کو مطمئن نہیں کرسکے۔

خواجہ برادران اس سے قبل بھی 3 بار نیب کے روبرو پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرواچکے ہیں جس کے بعد انہیں قومی احتساب بیورو کی جانب سے سوالنامہ بھیجا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ روزسابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے دونوں کی 24 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی : خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو نیب نے طلب کرلیا

لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو تحقیقات کے لیے طلب کیا، خدشہ ہے انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔

قبل ازیں گرفتاری ے بچنے کے لیے سابق وزیرریلوے نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی، جسے مسترد کردیا گیا تھا ۔

خیال رہے آشیانہ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں