بھارتی ریاست میں نہایت خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پیسے کے لین دین پر ایک شخص نے ماں کے ساتھ مل کر اپنے دوست اور اسکے پورے خاندان کو قتل کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ میں 6 افراد کے سنسنی خیز قتل کی گھتی پولیس نے سلجھا لی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے اپنی ماں ک ساتھ مل کر اپنے دوست اور اس کے خاندان کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔
تلنگانہ میں ایک ہفتے کے اندر ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے سنسنی خیز قتل کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم پرشانت کو گرفتار کیا۔ اسے کاماریڈی کے ایس پی سندھو شرما نے میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
ایس پی سندھو شرما نے بتایا کہ ملزم پرشانت نے رقم کے لین دین کے باعث سلسلہ وار قتل کیا۔ پرشانت نے مقتول پرساد کی جائیداد بھی ہڑپ کرنے کی سازش کی تھی۔ ماضی میں قاتل نے اپنے دوست پرساد سے قرض لیا تھا جو وہ ادا کرنے سے قاصر تھا۔
پولیس حکام نے کہا کہ پرشانت نے یہ سب کچھ اپنی ماں اوڈیماں کی مدد سے کیا ۔ اس نے جائیدادیں اپنے نام پر منتقل کرنے کے بعد دوست اور اس کے اہلخانہ کو قتل کیا۔
سب سے پہلے 29 نومبر کو ملزم نے پرساد کو قتل کیا، پھر اس کی بیوی سنویکا اور چھوٹی بہن شروانی کو پٹرول چھڑک کر قتل کیا۔ 8 دسمبر کو پرساد نے دو بچوں کا گلا گھونٹ کر انھیں سون پل پر پھینک دیا۔
ملزم نے یہیں بس نہیں کی بلکہ 13 دسمبر کو پرساد کی چھوٹی بہن سوپنا کو بھومپلی میں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔ آخر میں قاتل نے اپنے دوست پرساد کی ماں کو مارنے کی کوشش کی اور پکڑا گیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم پرشانت کے ساتھ ایک نابالغ لڑکے اور دو دیگر ملزمان بنوتھو وشنو اور بنوتھو ومسی کو بھی گرفتار کیا ہے۔ کاررائی کے بعد انھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔