نماز عید کے بعد مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات کے بعد فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں خاتون سمیت 6 افراد اپنی جان سے گئے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
صوابی کے علاقے گدون اتلہ میں نماز عید کے بعد دو فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کے نتیجے میں 2 افراد قتل جب کہ دو زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ فریقین آپس میں رشتہ دار ہیں جب کہ گولیاں لگنے سے راہ گیر بھی زخمی ہوا ہے۔
بنوں میں تھانہ منڈان کی حدود میں دشمنی پر فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بچے سمیت دو افراد قتل اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ایبٹ آباد میں تھانہ میرپور کی حدود کالا پل پر نماز عید کے بعد مسجد میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی ایس پی میرپور کا کہنا ہے کہ فارئنگ کا واقعہ دشمنی کی بنا پر پیش آیا جب کہ واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
کرک کے علاقہ رحمت آباد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک شخص قتل کر دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جب کہ لوئر جنوبی وزیرستان، گنگی خیل اسٹاپ پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل شاہ حسین زخمی ہوا، جس کو ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سندھ کے علاقے عمر کوٹ کے کھوسہ محلہ میں ملزم نے فائرنگ کر کے سابقہ بیوی کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ نے ملزم سے طلاق لے کر دوسری شادی کی تھی۔
کراچی میں سپر ہائی وے فقیرہ گوٹھ میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ ہے۔
زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملیر سٹی غازی ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان زخمی ہو گیا۔