منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

’آئی جی پنجاب کو اسمبلی میں داخلے سے روکا جائے‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پرویز الہٰی نے دوست محمد مزاری کے خط کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، انھوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آئی جی پنجاب کو اسمبلی میں داخلے سے روکا جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب الیکشن میں ممکنہ دھاندلی کے پیش نظر وزارت اعلیٰ کے امیدوار پرویز الہٰی نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

پرویز الہٰی کی جانب سے درخواست ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری الیکشن کے عمل کو تہ و بالا کرنا چاہتے ہیں۔

- Advertisement -

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سیکیورٹی کے لیے لکھا گیا خط ڈپٹی اسپیکر کی بد نیتی کو ظاہر کرتا ہے، اس لیے آئی جی پنجاب کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب انتخاب: ’ملکی و غیر ملکی مبصرین کو اجلاس کی کوریج کی اجازت‘

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ خط میں جس سیکیورٹی کے لیے کہا گیا ہے اس مطلوبہ سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے سارجنٹ ایٹ آرمز کو حکم دیا جائے۔

یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے خط کے خلاف پرویز الہٰی کی درخواست کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، نیز درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر، آئی جی پنجاب، اور چیف سیکریٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں