لاہور: اسپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی و دیگر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
خصوصی عدالت میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس کی سماعت ہوئی جو 15 مئی 2025 تک ملتوی کر دی گئی۔ دوران سماعت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی۔
عدالت نے پرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں اور دیگر ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی نے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کو چیلنج کر دیا
عدالت نے پرویز الٰہی کی بہو زہرا الٰہی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے جبکہ مونس الٰہی کو اشتہاری اور انٹرپول سے رابطے کا حکم دے رکھا ہے۔
دسمبر 2024 میں لاہور کی احتساب عدالت نے گجرات کرپشن کیس میں سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ پرویز الٰہی پر فرد جرم کیلیے 7 جنوری 2025 کی تاریخ مقرر کی تھی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے تھے جبکہ انہوں نے عدالت میں حاضری سے استشنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔
7 جنوری 2025 کو جب فرد جرم عائد کی گئی تو انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا تھا جس پر عدالت نے نیب کے گواہوں کو طلب کر لیا تھا۔
عدالت نے نیب کے وکیل کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعلیٰ اور دیگر شریک ملزمان کے خلاف بیان ریکارڈ کروانے کیلیے اپنے گواہوں کو پیش کریں۔