لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف خواجہ آصف کے خلاف گواہی دے چکے ہیں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما کے مطابق شہباز شریف کا یہ کہنا کہ نیب نے انھیں خواجہ آصف کے خلاف گواہی دینے کے لیے کہا ہے، سراسر جھوٹ ہے.
پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں.
انھوں نے مزید کہا کہ نیب نے شہباز شریف سے پوچھا کہ نندی پورکی مرمت کا ٹھیکہ کس نے دیا،؟ جس کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ یہ ٹھیکہ خواجہ آصف نے دیا تھا.
اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالٰہی کے مطابق اس گواہی کے بعد پھرنیب نےکہا کہ کیا یہ بات آن ریکارڈ بھی کہیں گے، مگر وزیراعلیٰ پنجاب نے سارا الزام نیب پر دھر دیا.
مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کا پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے کہا کہ میں شریفوں کوجانتا ہوں، یہ ہروقت غلط بیانی کرتے ہیں.
واضح رہے کہ اسپیکر کے پرڈوکشن آرڈر کے بعد قومی اسمبلی میں تقریر کرنے والے اپوزیشن لیڈر نے نیب پر سنگین الزامات لگائے تھے.
یاد رہے کہ آج شہباز شریف کے صاحب زادے حمزہ شہباز نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا.