لاہور :اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ منحرف ارکان کیلئے عبرت کا مقام ہے، یہ معاشرے میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے پنجاب کے 25 اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے حکم پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ہے کہ ہماری عزت رکھی ، چیف الیکشن کمشنر کو مبارکباد دیتا ہوں۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ منحرف ارکان کیلئے عبرت کا مقام ہے، منحرف اراکین معاشرے میں منہ دکھانے کے بھی قابل نہیں رہے، حمزہ شہباز نے ریت پر عمارت تعمیر کی اس میں خود ہی دفن ہوگیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ باپ بیٹے کا شوق ہے دونوں لگے ہیں جب تک پوری طرح ذلیل نہ ہوں ، اب یہ گھنٹوں اور دنوں کی کہانی ہے ، یہ کمپنی چلنے والی نہیں ، انشااللہ الیکشن ہوں گے پھر دیکھیں گے ن لیگ کا حشر کیا ہوتا ہے۔
الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں الیکشن ہونگے ، صوبوں میں نہیں ہوں گے ، صوبوں کی معیاد تو ابھی باقی ہے، ہماری ابھی میعاد رہتی ہے، ضروری نہیں صوبائی الیکشن ہوں۔
پرویز الہی نے کہا کہ تھوڑا انتظار کرلیں آج ملتان میں عمران خان تاریخ دیں گے ، عمران خان کے پہنچنے سے پہلے پہلے سارے کام ٹھیک ہوجائیں گے، میں ابھی قائم مقام گورنر پنجاب نہیں ہوں ، اسمبلی کا اجلاس پہلے ہی بلا چکا ہوں۔
رہنما مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ حمزہ شہبازتو سمجھیں فارغ ہوگیا ہے، الیکشن ہوں گے لیکن صرف وفاق کی سطح پر ہوں گے ، تھوڑا صبر کریں، جو نئی فلم بنی ہے، ساری سامنے آجائے گی، وفاق میں دھڑن تختہ کیلئے تھوڑا صبر کرلیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن دنوں کا کھیل ہے زیادہ دور کی بات نہیں، خان صاحب ہمارے لیڈر ہیں، صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کیلئے عمران خان سے بیٹھ کر بات کریں گے ، دوتہائی اکثریت کسی طریقے سے ممکن ہوسکتی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کلہ پنجاب بڑا صوبہ ہے، کےپی میں فضل الرحمان کے بھی ووٹ ہیں، کسی جماعت کیساتھ جو بھی رول ہوگا عمران خان سے اجازت لیں گے ،سرپرائز دینے کا کہا تھا جو اپنی حکومت بنا کر دیں گے۔