پشاور: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ میں کسی پارٹی میں لوٹا بن کر نہیں گیا بلکہ اپنی جماعت بنائی ہے۔
پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے نصیر وزیر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ نصیر خان وزیر کی شمولیت پر ان کا شکر گزار ہوں، جنوبی وزیرستان اس وقت کافی مصیبتوں میں گھرا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں امن ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مجھ سے زیادہ کوئی قریب نہیں تھا، نہ نیا پاکستان بنا نہ ترقی ہوئی پی ٹی آئی میں صرف انتشار ہی انتشار ہے۔
متعلقہ: بانی پی ٹی آئی ذہنی بیمار ہیں، پرویز خٹک
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو کئی بار کہا ہم ملک کی ترقی کیلیے آئے ہیں انتشار کیلیے نہیں لیکن ان کا ایک ہی ایجنڈا تھا ملک میں انتشار آئے۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم ملک کی ترقی چاہتے ہیں کسی ادارے سے تصادم نہیں، لیڈر ورکرز کو تہذیب سکھاتا ہے باپ بھی بچوں کو گالیاں نہیں سکھاتا، بانی پی ٹی آئی اپنے غرور میں تھا اور غرور اللہ کو پسند نہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہر پارٹی کا اپنا اپنا منشور ہے پھر کس طرح یہ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کر رہے ہیں، جمعیت علمائے اسلام (ف) کا منشور کچھ، پیپلز پارٹی کا کچھ اور اور اے این پی کا کچھ اور ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مجرموں کے خلاف کھڑا ہوں اور خاموش نہیں رہوں گا، انہی مجرموں نے پاکستان کو 75 سال لوٹا اب قوم جاگ چکی ہے۔