کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ متنازع خبر پر عمران خان اور اعتزاز احسن الزامات لگا رہے ہیں۔ الزام لگانے والوں کو عدالت سے رجوع کرنا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کراچی پہنچے جہاں انہوں نے امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے حاضر ہوا ہوں۔ قانون کا ہاتھ امجد صابری کے قاتل تک ضرور پہنچے گا۔
متنازعہ خبر کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اعتزاز احسن الزامات لگا رہے ہیں۔ الزام لگانے والوں کو عدالت سے رجوع کرنا چاہیئے۔ جس اجلاس کی خبر لیک ہوئی اس میں عمران خان اور اعتزاز احسن کی جماعت کے وزیر اعلیٰ بھی موجود تھے۔
نواز شریف احتساب سے بھاگ رہے ہیں، اعتزاز احسن *
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اعتزاز احسن کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔ پاکستان میں 1951 کے بعد سے اکتوبر کا مہینہ محلاتی سازشوں کا رہا ہے اور عمران خان ان سازشوں کا حصہ رہے ہیں۔
عمران خان کے دھرنے کے بارے میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اگر سپریم کورٹ پر اعتماد ہے تو پاناما پیپرز کے معاملے پر اس کے فیصلے کا انتظار کریں۔ عدالتی کارروائی کے بعد عمران خان کے دھرنے کا جواز نہیں بنتا۔ سپریم کورٹ نے سب فریقوں کو نوٹسز جاری کیے ہیں اور وزیر اعظم نے بھی نوٹس کا خیر مقدم کیا ہے۔
تحریک انصاف کے دھرنے کو کیسے ناکام بنایا جائے؟ ن لیگ تیاریوں میں لگ گئی *
انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز پر فیصلہ اگر ہمارے خلاف آیا تو اس فیصلے پر عمل کرنے میں ایک سیکنڈ کی تاخیر بھی نہیں لگائیں گے اور عدالتی فیصلہ ہمارے حق میں آیا تو ہم عمران خان سے معافی کا مطالبہ نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے متنبہ کیا کہ کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کو قانونی طریقے سے روکا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہماری زندگی میں خلل نہ پڑنے دیا جائے۔ سڑکوں پر ہونے والے فیصلے پاکستان کے خلاف ہیں۔