راولپنڈی: نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کو اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالہٰی کو نظر بندی مدت مکمل ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، نیب نے چوہدری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور اہلخانہ کے اثاثوں کے ریکارڈ کی تفصیلات طلب کر رکھا تھا۔
نیب ذرائع کا بتانا ہے کہ نیب نے مونس الٰہی کیخلاف آمدن سے زائداثاثوں کی انکوائری بھی شروع کر رکھی ہے، نیب لاہور کی ٹیم اڈیالہ جیل سے پرویز الٰہی کو لے کر سیشن کورٹ پنڈی پہنچ گئی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کا راہداری ریمانڈ لے کر لاہور منتقل کیا جائے گا، پرویز الہٰی کو ڈیوٹی جج خالد حیات کے سامنے پیش کیا جائے گا، نیب راولپنڈی کی پراسیکویشن ٹیم راہداری ریمانڈ پر عدالت کو دلائل دے گی۔
نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود راہداری ریمانڈ پر دلائل دینگے، راہداری ریمانڈ منظور ہونے پر پرویز الہٰی کو لاہور بھیجا جائے گا۔