لاہور : مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہے۔
سیاسی جماعتیں صوبائی الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے تک انتخابات کا بائیکاٹ کریں بلدیاتی انتخابات میں نواز لیگ وہ دھاندلی کرے گی کہ لوگ دوہزار تیرہ کی دھاندلی بھول جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈی سی اوزکیسے منصفانہ بلدیاتی الیکشن کرواسکتے ہیں وہ تو خود حکومت کے ملازم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں صوبائی الیکشن کمشنرز کے مستعفی ہونے تک انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کا کسانوں کے لئے تین سو اکتالیس ارب روپے کا مراعاتی پیکج فراڈ ہے۔
کسانوں کو لاکھوں روپے ماہانہ نقصان کا سامنا ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار روپے کی امداد اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولہ ارب روپے سےسولر بجلی کے پندرہ میگاواٹ حاصل کرنا کہاں کی دانشمندی ہے؟حکومت ہر شعبے میں عوام کو بے وقوف بنانے پر تلی ہوئی ہے۔