بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پنجاب کی طرح ہمارے پاس اربوں روپے نہیں کہ اشتہاربازی پر ضائع کر سکیں، پرویز خٹک

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو یہاں کے حکمرانوں نے بگاڑا، پولیس کو بدمعاش بنا کر عوام کو ذلیل کیا گیا، پنجاب کی طرح ہمارے پاس اربوں روپے نہیں کہ اشتہاربازی پر ضائع کر سکیں۔

تفصیلات کے مطابق قائداعظم لائبریری لاہور میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے خود کو طالبان اور دہشت گردی سے بچا رکھا ہے، گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے، اس وجہ سے ان کا مستقبل تابناک ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں پانچ سالوں میں جو وعدے کیے گئے پورے کرنے کی کوشش کی، صوبے میں قوانین کی تبدیلی اور بیوروکریسی سے اختیارات لینا بڑا چیلنج تھا۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ سیاسی حکومتوں نے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کیا، پڑھے لکھے پاکستانی نوجوان آج دنیا بھر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو یہاں کے حکمرانوں نے بگاڑا، پولیس کو بدمعاش بنا کر عوام کو ذلیل کیا گیا، بحیثیت وزیر اعلی وہ کے پی کے میں ایک سپاہی کا تبادلہ نہیں کرا سکتے، میڈیا ہمارا ٹرائل کر رہا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ جن لوگوں کو بلین ٹری منصوبہ جھوٹ لگتا ہے وہ خود خیبرپختونخواہ کا دورہ کریں۔ کالام، ناران، چترال اور کے پی کے کے دیگر علاقوں کو سیاحت کا بہترین مرکز بنا دیا ہے، صوبے میں نظام تعلیم اور عام آدمی کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی طرح ہمارے پاس اربوں روپے نہیں کہ اشتہاربازی پر ضائع کر سکیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کا بڑا حصہ سیاحت سے جڑا ہوا ہے، سلک روٹ کے بعد سی پیک کی تکمیل سے گلگت بلتستان کا نیا چہرہ دنیا کے سامنے آئے گا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں