اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، لیکن امید ہے ملک اندھیرے کی طرف نہیں روشنی کی طرف جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حکومت مستقبل میں حالات بہتر کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرتی ہے، موجودہ وقت مشکل ہے، 2 سال بعد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ وہ وزارت چھوڑ کر پی ٹی آئی میں ملک کی بہتری کے لیے شامل ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ 2020 -2019: تحریک انصاف نے 70 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے دو روز قبل اپنا پہلا سالانہ بجٹ پیش کر دیا ہے، جس کا کُل تخمینہ 7022 ارب روپے ہے جو پچھلے سال سے 30 فی صد زیادہ ہے۔
بجٹ کے مطابق وفاقی محصولات مجموعی طور پر 6717 ارب روپے ہوں گے جو پچھلے سال سے 19 فی صد زیادہ ہیں، ایف بی آر نے اس سال ٹیکس وصولی کا ہدف 5550 ارب روپے رکھا ہے، بجٹ خسارہ 3560 بلین روپے ہوگا، مجموعی مالیاتی خسارہ تقریباً 3137 بلین روپے ہوگا۔
بجٹ میں وفاقی وزراؤں کی تنخواؤں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 21 اور 22 کے سرکاری افسران کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ چارلاکھ سالانہ آمدن والوں کو انکم ٹیکس دینا ہوگا۔