ہنگو: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امیر غریب میں فرق ختم کرنا ہمارا مشن ہے، ہماری حکومت نے تعلیم میں امیر اور غریب کا فرق ختم کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے کہا کہ اے این پی، جے یو آئی حکومتوں نے صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا، صوبے کے عوام سے جرم کرنے والے سیاست دان معافی کے قابل نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہماری حکومت سے قبل دہشت گردی، اغوا کی وارداتیں عام تھیں، پولیس میں کرپشن تھی، تعلیم، صحت اور تمام انفرا اسٹرکچر تباہ تھا، ہم نے اقتدار میں آکر نظام ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ٹینڈرز، تبادلے فروخت ہوتے تھے، پختونوں کے نام پر سیاست دانوں نے پیٹ بھرے ہیں، اماموں کے اعزازیہ کے خلاف جے یو آئی پروپیگنڈا کررہی ہے، سیاسی مولویوں کی سیاست ختم کرنے کے لیے اعزازیہ مقرر کیے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ملک کو مصیبت سے بچانے اور نظام کی درستگی کے لیے عمران خان ضروری ہے، پی ٹی آئی کا کوئی مقابلہ نہیں، آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: اسلام کے نام پر ووٹ لے کر عوام کو ورغلایا گیا، پرویز خٹک
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ چور لٹیروں کی وجہ سے دنیا میں پاکستان بدنام ہوا، ملک میں افرا تفری کا عالم ہے، بیوروکریسی بھی حکومت کے احکامات نہیں مان رہی، ایسی صورتحال میں ملک نہیں چل سکتا۔