اسلام آباد: وفاقی وزیر پرویز خٹک کو الیکشن 2018 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا.
تفصیلات کے مطابق آج پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پیپلزپارٹی کے رکن نویدقمر نے پرویز خٹک کو اس عہدے کے لیے نام زد کیا، انتخاب کے بعد پرویز خٹک نے اپوزیشن اورحکومت کا شکر یہ ادا کیا.
پرویز خٹک نے کہا کہ کمیٹی کو نیک نیتی سےچلاؤں گا، سب سے پہلے ٹی او آرز بنائیں گے، جس کے لیے سب کمیٹی قائم کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سب کمیٹی کے لئے تین تین نام فائنل کیےگئے ہیں، جب کہ ایک ایک نام پر مشاورت ہوگی.
حکومتی کی جانب سے شیریں مزاری، شفقت محمود، طارق بشیرچیمہ کے نام سامنے آئے ہیں، اپوزیشن نے رانا ثنا اللہ، نوید قمر، حاصل بزنجوکے نام فائنل کیے ہیں.
حکومت ایم کیوایم یا جی ڈی اے میں سے ایک رکن سے متعلق مشاورت کرے گی، جب کہ اپوزیشن کی جانب سے ایک نام مزید دیا جائے گا.
مزید پڑھیں: الیکشن شفاف ترین تھے، اگر کسی کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے، ترجمان پاک فوج
واضح رہے کہ الیکشن 2018 کے بعد اپوزیشن کی جانب سے نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنی اولین تقریر میں الزامات کی تحقیقات کی پیش کش کی تھی۔
پارلیمانی کمیٹی کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کی چیئرمین شپ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپی گئی ہے۔