چارسدہ: پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویزخٹک کا کہنا ہے کہ اے آر وائی نیوز پر پابندی ظلم اور جمہوریت دشمنی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویزخٹک نے چارسدہ میں اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے آر وائی نیوز پر پابندی ظلم ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز کی بندش جمہوریت دشمنی ہے، حکومت کو یہ تکلیف ہےکہ اےآروائی نیوز حق سچ کی بات کرتا ہے اور حق وصداقت کی آواز حکومت کو بری لگتی ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں ہم نےکسی چینل کا لائسنس منسوخ نہیں کیا،عمران خان کی ہدایات پر پی ٹی آئی نے اے آر وائی کی بحالی کیلئے جدوجہد شروع کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بد معاشی اور غنڈہ گردی کر رہی ہے، شہباز گل پر پولیس تشدد سراسر بدمعاشی ہے، جو بھی شخص غلط بات کرتا ہے عدالت کو حق ہے کہ ان کو سزادیں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ ہم کسی کے غلام اور نوکر نہیں ،ضمنی الیکشن میں مزے کا مقابلہ ہوگا، ضمنی الیکشن میں کپتان گیار ہ پارٹیوں کو ڈبودے گا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اورحکومتی اتحادی ضمنی انتخابات کے بعد سیاست کانام بھی نہیں لیں گے۔