تازہ ترین

پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا

اسلام آباد: سابق صدر پاکستان اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم پرویز مشرف کے اہل خانہ نے میت لے جانے کے سلسلے میں دبئی میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے، کل مرحوم کی میت پاکستان لائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل صبح ایک خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے دبئی کے المکتوم ایئر پورٹ پہنچے گا، جہاں سے پرویز مشرف کی میت کو پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

سابق صدر پرویز مشرف انتقال کرگئے

پرویز مشرف کی تدفین اسلام آباد میں کی جائے گی یا کراچی میں، اس حوالے سے فی الوقت کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دبئی کے امریکن اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں، وہ کافی عرصے سے علیل اور اسپتال میں زیر  علاج تھے۔ پرویز مشرف نے اہلیہ صہبا مشرف، بیٹی عائلہ مشرف اور بیٹے بلال مشرف کو سوگوار چھوڑا ہے۔

Comments

- Advertisement -