دبئی : سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارتی حکام تباہ کن غلط فہمی کا شکار ہیں، پاک فوج تجربہ کار اور دنیا میں سب سے بہترین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کیا۔ بھارتی آرمی چیف جنرل پبن راوت کی جانب سے پاکستان کو دی گئی گیڈر بھپکیوں پر جنرل (ر) پرویز مشرف نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے بھارتی حکام کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کارگل2002کے واقعات سے سبق سیکھنا چاہئے، کارگل میں ہماری جوابی کارروائی سے بھارت بوکھلا گیا تھا، پاک فوج تجربہ کار اور دنیا میں سب سے بہترین فوج ہے اور آج بھی کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام تباہ کن غلط فہمی کا شکار ہیں، پاکستان کے بارے میں بھارت کی غلط فہمی دور کرنا چاہتا ہوں، اگر مسلمان اللہ اکبر کہہ دے تو پھر پیچھے نہیں ہٹتا، بھارتی وزراء اور آرمی چیف غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، پاکستان کو ایک کمزور ملک کی طرح لیا جارہا ہے جو ان کی بُھول ہے۔
پرویز مشرف نے کہا کہ اب زمانہ بدل گیا ہے، ہماری فوج پہلے والی نہیں رہی، افواج پاکستان’’بیسٹ ان دی ورلڈ‘‘ہیں، اس کے پاس وسیع تجربہ اور دلیری ہے، ماضی میں بھی پاکستان مخالف بڑھکیں مارنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم ہندو راج پر یقین رکھتے ہیں، نریندر مودی مسلمانوں کو مارکر سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بےحرمتی کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔