ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ، پرویز مشرف کا اہم بیان سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سابق صدر پرویزمشرف نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت اچھا ہے مجھے بہت خوشی ہے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد بات کروں گا، صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے پرسب کاشکرگزار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق صدر پرویزمشرف نے اےآروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا میری طبیعت بہتری کی طرف گامزن ہے ، ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت اچھا ہے مجھے بہت خوشی ہے۔

پرویزمشرف کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دیا ہے، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد بات کروں گا، صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے پرسب کاشکرگزار ہوں۔

یاد رہے لاہورہائیکورٹ نے پرویز مشرف کی درخواست منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت کاقیام اورفیصلہ کالعدم قرار دےدیا، عدالت نے فیصلے میں کہا آرٹیکل6 کےتحت ترمیم کا اطلاق ماضی سےنہیں کیا جاسکتا، ملزم کی غیر موجودگی میں فیصلہ نہیں سنایاجاسکتا، ملزم کی غیرموجودگی میں ٹرائل بھی کرنا غیر آئینی ہے۔

مزید پڑھیں : پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم دینے والی خصوصی عدالت کی تشکیل غیرآئینی قرار

خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں سابق صدر کو سزائےموت سنائی تھی، جس کے بعد پرویزمشرف کی جانب سے خصوصی عدالت کا فیصلہ چیلنج کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ آرٹیکل سکس کے تحت کارروائی کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری ضروری ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایگزیکٹو اختیارات استعمال کرکے درخواست دائر کی، اس معاملے میں آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

خیال رہے کہ 17 دسمبر کو خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر و سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا، عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوا ہے۔

پرویز مشرف نے فیصلے پر رد عمل میں کہا تھا کہ مجھے ان لوگوں نے ٹارگٹ کیا جو اونچے عہدوں پر فائز اور اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہیں، خصوصی عدالت کے اس فیصلے کو مشکوک سمجھتا ہوں، ایسے فیصلے کی مثال نہیں ملتی جہاں دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، کیس میں قانون کی بالا دستی کا خیال نہیں رکھا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں