کراچی : سابق صدر پرویز مشرف کی کراچی کے علاقوں کلفٹن اور ڈیفنس میں مو جود جائیداد قرق کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق غداری کیس میں خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جائیداد ضبط اور بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا حکم جاری کیا تھا، ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد عدالتی حکم پر قرق کر لی اور اس کی رپورٹ سیشن جج سائوتھ کو بھیج دی۔
عدالت کو ملنے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کی ایک جائیداد کلفٹن کے علاقے اور 3 ڈیفنس کے علاقے میں قرق کی گئی ہیں ۔ عدالتی حکم پر ڈی ایچ اے نے سابق صدر کی جائیدایں قرق کی تھی اور عدالت کو اس کی زبانی اطلاع دی تھی جس پر عدالت نے تحریری رپورٹ طلب کی تھی ۔
مزید پڑھیں : سنگین غداری کیس میں غیر حاضری، پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم
سیشن جج سائوتھ نے رپورٹ نہ ملنے پر آج ڈی ایچ اے کو یاد دہانی کا خط بھیجا تھا، جس کے بعد ڈی ایچ اے کے ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ رضوان شیخ نے عدالت مین جمع کرائی ۔ قرق کی جانے والی املاک میں پلاٹ نمبر 172 خیابان فیصل فیز 8 ، ایک ہزار 995 مربع گز پلاٹ نمبر 301/1 بیچ اسٹریٹ فیز 8، 997 مربع گز اور 301/2 بیچ اسٹریٹ ون فیز 8،997 مربع گز شامل ہیں۔
سابق صدر پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس بار بار نوٹس جاری کیے گئے لیکن پرویز مشرف کی عدم حاضری پر عدالت نے جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ امداد حسین کھوسو کی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کے لئے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کو تین دن کے اندر تفصیلات فراہم کرنے کے لئے نوٹسز جاری کیے تھے۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی ڈیفنس میں چار جائیداد سے متعلق رپورٹ پیش کریں ۔