اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

اتحادی جماعتوں سے صدر کے نام پر مشاورت جاری ہے، پرویز رشید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں سے صدر کے نام پر مشاورت جاری ہے، اعتزاز احسن، نواز شریف سے معافی مانگیں تو ان کے نام پر غور کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکن اپنے ساتھیوں کی آزادی کی کوشش کررہے ہیں جبکہ انتخابی نتائج میں عوام نے چوہدری نثار کو رد کردیا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ ن لیگ نے صدارتی امیدوار کا تاحال فیصلہ نہیں کیا ہے، پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن اگر نواز شریف سے معافی مانگیں تو ان کے نام پر غور کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پرویز رشید سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما مصدق ملک، ظفر الحق، مریم اورنگزیب نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے ہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن

اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کا دن مخصوص ہے اور اسی روز شریف خاندان کے افراد سمیت لیگی رہنما نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے آتے ہیں۔

تاہم عید کی تعطیلات کے باعث شریف خاندان کا کوئی بھی فرد نواز شریف سے ملاقات نہ کرسکا تھا، جس کی وجہ سے شریف خاندان کے افراد کی جانب سے جمعہ کے روز ملاقات کے لیے درخواست دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزائیں بھگت رہے ہیں، انھیں 13 جولائی کو لندن سے وطن واپسی پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں