اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات اور نشریات پرویز رشید پاک چین سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،جہاں انہوں نے پاک چین دوستی ریلی کے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس ریلی سے ثقافت اورسیاحت کو فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقتصادی راہداری صرف اقتصادی منصوبہ نہیں بلکہ شاہراہوں کی تعمیر،انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں پر مشتمل کثیر الجہتی منصوبہ ہے جس سے پاکستان ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ شاہراہ قراقرم کے ذریعے پاکستان اور چین زمینی راستے سے منسلک ہوئے ہیں اور دونوں طرف اقتصادی تبادلے کے ساتھ ساتھ سماجی رابطے استوار ہوئے اور یہ بندھن مضبوط سے مضبوط تر ہوئے،اسی طرح اقتصادی راہداری سے یہ روابط مزید گہرے اور پختہ ہوں گے۔
چینی سفیرسن ڈی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی جو خوشحالی کا دور لائے گا۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ اقتصاد ی راہداری کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے پاکستان کے تمام صوبے یکساں مستفید ہوں گے اور ترقی سے مستفید ہوں گے۔
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کو 65 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے جس کی تقریب میں اپنی تقریرکے اختتام پرچینی سفیر ڈی ڈونگ نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔