پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں سےصوبےمیں امن بحال ہوا ہے جس کے بعد دنیا بھر کے تاجرصوبے میں سرمایہ کاری کےلیے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی توسرمایہ کاروں کے لیے سسٹم نہیں تھا چین میں روڈ شو کیا اورکامیابی حاصل کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت نے پہلے 2 سال کے پی کے کو اندھیرے میں رکھا تاہم پاک چین اقتصادی راہداری کی وجہ سے آج دنیا کی نظریں کے پی کے پرمرکوزہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور قربانیوں کی وجہ سے صوبے میں امن قائم کیا ہوا ہے اور دنیا بھر سے سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری ہر غور کر رہے ہیں۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت عابد شیرعلی بجلی تو نہیں دیتے لیکن صوبوں کو ڈرانے دھمکانے آجاتے ہیں جب کہ کے پی کے سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے اور یہی صوبہ لوڈ شیڈنگ کو بری طرح جھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت ساتھ دے تو کے پی کے کو مثالی صوبہ بنا کر دکھائیں گے جہاں نہ صرف یہ کہ تجارت کے بہترین مواقع ہوں گے بلکہ روزگار سمیت دیگر وسائل بھی مہیا ہوں گے۔