پشاور میں دولہے کے قتل کی ماسٹر مائنڈ دلہن نکلی ہے پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گیارہ نومبر کو چارسدہ روڈ پر تھانہ فقیر آباد کی حدود میں بارات میں دُلہے کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں دولہا جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بارات سے واپسی پر دولہا کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے واردات میں ملوث ملزم جلال کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ قتل میں مقتول عدنان کی اپنی دلہن ماسٹر مائنڈ نکلی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کا کہنا ہے کہ ملزم اور دلہن شادی کرنا چاہتے تھے لیکن والدین رضامند نہیں تھے اس لیے انہوں نے منصوبہ بندی کی کہ دولہے کو قتل کیا جائے۔
پولیس کے مطابق بارات لے جاتے وقت ملزم نے دولہے کو نشانہ بنایا اور قتل کردیا، واقعے کے بعد پولیس نے مختلف زاویوں سے تحقیقات شروع کیں اور ملزمان تک رسائی حاصل کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد تحقیقات کے سلسلے میں دلہن کو بھی حراست میں لیتے ہوئے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا۔