ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پشاور ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز5جولائی کو روانہ ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پشاور ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز5جولائی کو روانہ ہوگی, پی آئی اے کی14حج پرواز وں کے ذریعے دس ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر حج آپریشن سے متعلق تیاریاں مکمل کرلی گئیں، عازمین کی حجاز مقدس روانگی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر حج شکیل سیٹھی، ایف آئی اے، اے ایس ایف اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز5جولائی کو عازمین کو لیکر مدینہ روانہ ہوگی۔

سعودی ایئرلائن کی پرواز سے200سے زائد عازمین مدینہ روانہ ہوں گے، اس موقع پر گورنر کے پی کے، ڈائریکٹر حج اور سی اے اے کے اعلیٰ افسران عازمین کو الوداع کہیں گے، پشاور ایئرپورٹ سے31پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر24ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔

پی آئی اے کی14حج پرواز وں کے ذریعے دس ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے، اس کے علاوہ نجی ایئر لائن ائیر بلو کی چھ پروازوں کے ذریعے تین ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے جبکہ سعودی ائیر کی پرواز سے8ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔

مذکورہ حج آپریشن5اگست تک جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر حج نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حاجی کیمپ سے عازمین کو چار گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچایا جائے گا۔

ایئرپورٹ منیجرعبیدالرحمان عباسی نے کہا کہ عازمین کو سہولت کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرعازمین کی سہولت کیلئے تین ایمیگریشن کاؤنٹرز مختص کئے گئے ہیں۔

ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس میں سی او او نے ہدایت کی کہ باچا خان ایئرپورٹ پر تمام ادارے اپنی افرادی قوت میں مزید اضافہ کریں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں