پشاور : کسٹم اہلکاروں نے پشاور ایئرپورٹ پر منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو جہاز سے حراست میں لے کر اس کے قبضے سے دو لاکھ یورو برآمد کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر کسٹم نے کامیاب کارروائی کی، دبئی جانے والے مسافر کے قبضے سے دو لاکھ یورو برآمد کر کے حراست میں لے لیا۔
ایئرپورٹ چیف آفیسر نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ مذکورہ مسافر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جوائنٹ اینٹی منی لانڈرنگ سرچ کاؤنٹر کراس کرکے جہاز تک کیسے پہنچا؟ انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم کے عملے نے مسافر محمد داؤد کے بیگ سے دو لاکھ یورو برآمد کرلیے جس کے بعد مسافر کو طیارے سے حراست میں لے کر آف لوڈ کردیا گیا۔ مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے283سے دبئی جارہا تھا۔
کسٹم کے ڈپٹی کلکٹر کے مطابق اطلاع ملنے پر طیارے میں کارروائی کی گئی، مسافر نے اپنے ہینڈ کیری بیگ میں رقم چھپا رکھی تھی۔ دوسری جانب باچا خان ایئرپورٹ کے چیف آفیسر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
تحقیقات میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جوائنٹ اینٹی منی لانڈرنگ سرچ کاؤنٹر کراس کرکے مسافر کس طرح طیارے تک پہنچ گیا تھا۔