پشاور : خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کی سینٹرل جیل میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے انہیں دستکاری اور دیگر امور کی تربیت دی جاتی ہے۔
مختلف جرائم کی پاداش میں پشاور جیل میں سزا کاٹنے والے قیدیوں کو کھاڈی پر کپڑے تیار کرنے کا کام سکھایا جاتا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے میں عزت اور وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماجد نامی قیدی نے بتایا کہ میں نے اپنی قید کے دوران کپڑا تیار کرنے کا کام سیکھا ہے اور اب میں کاریگر کی حیثیت سے کام کر رہا ہوں اور جو معاوضہ ملتا ہے اس سے اپنے خرچے بھی پورے کرتا ہوں اور کچھ رقم گھر والوں کو بھی بھجواتا ہوں۔
قیدی کا کہنا تھا کہ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد باہر جاکر فیکٹری میں کام کروں گا، اس سے پہلے ہم اپنا وقت فالتو کاموں میں یا فارغ بیٹھ کر گزارتے تھے، پشاور جیل حکام نے ہمارے لیے یہ سہولت فراہم کی جو بہت فائدہ مند ہے۔
ایک اور قیدی شیر ولی نے بتایا کہ میں اسی شہر پشاور کا رہنے والا ہوں یہاں اور عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہوں، پہلے میں حوالاتی تھا اب باقاعدہ سزا ہوگئی ہے جس کے بعد اس کپڑے کے کارخانے میں کام کررہا ہوں۔
پشاور جیل کے قیدی کا کہنا تھا کہ پہلے ہم آپس میں لڑتے رہتے تھے، باہر سے آنے والے ایک کاریگر سے کام سیکھا اور اب میرے اپنے 10 شاگرد ہیں جن کو کام سکھا رہا ہوں۔