پشاور: خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور کے علاقے چمکنی میں پولیس موبائل پر خود کش حملے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے جب کہ دو زخمی ہوئے ہیں، ایس پی رورل مختیار خان کے مطابق تھانہ چمکنی میں ہونے والا یہ دھماکا خود کش تھا۔
ایس پی مختیار خان نے بتایا کہ پولیس موبائل گشت پر تھی، ایسے میں ایک مشکوک شخص کو دیکھ کر تلاشی کے لیے روکا گیا، لیکن مشکوک شخص خود کش بمبار تھا، پولیس کے روکنے پر اس نے خود کو اڑا لیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، خود کش حملہ آور کے اعضا اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی مختیار خان کے مطابق دھماکے سے 3 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔
پشاور میں پولیس موبائل پر خود کش حملے میں 2 اہلکار شہید
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور کے علاقے چمکنی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، علی امین گنڈاپور نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے، انھوں نے کہا عوام کے جان و مال کے محافظوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے، حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
انھوں نے کہا صوبائی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔