پشاور: سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں سی ٹی ڈی نے کاروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کو اس وقت پکڑا گیا جب وہ پمفلٹ تقسیم کررہے تھے، ملزمان کے قبضے سے کالعدم تنظیم کے پمفلٹ برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزمان میں سےتین کا تعلق پشاور اور ایک کا مہمند ایجنسی سے بتایا جاتا ہے، ملزمان کی شناخت جلال خان، عباد اللہ ، حماد، اور سیعد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی نے ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کے لئے تفتیشی مرکز منتقل کردیا۔
مزید پڑھیں : پشاورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘3ملزمان گرفتار
یاد رہے گذشتہ روز بھی پشاور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی لڑکی کو بازیاب کروا کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اغوا کاروں نے لڑکی کی بازیابی کےلیے چار کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا، تینوں گرفتار ملزمان کے قبضے سے استعال شدہ موبائل سمز برآمد کرلیں، ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب تھے،جبکہ گرفتار اغوا کاروں کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔