پشاور : طلبہ کی رگوں میں اندھیرا اتارنے والا پروفیسر منشیات سمیت پکڑا گیا، پولیس نے پروفیسر بشیر کی گاڑی سےڈیڑھ سو گرام چرس اور20گرام آئس ہیروئن اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق درسگاہوں کو منشیات کے اڈے میں بدلنے والوں میں اساتذہ بھی شامل ہیں، نئی نسل کو منشیات کے اندھیروں میں اتارنے والے کوئی اور نہیں اس کے مسیحا بھی شامل ہیں۔
پشاور پولیس نے طلبہ کو منشیات کا عادی بنانے والے ایک پروفیسر کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا، پولیس نے خفیہ اطلاع پر پشاور اسلامیہ کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر بشیر احمد کی گاڑی سے ڈیڑھ سو گرام چرس اور20گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی جو ممکنہ طور پر طلباءکو فروخت کی جاتی تھی۔
اسسٹنٹ پروفیسر بشیر احمد کو ماڈل ٹاون پولیس نے ناکہ بندی کرکےگرفتارکیا۔ پروفیسر بشیرکی جانب سے گرفتاری کے دوران مزاحمت بھی کی گئی، پولیس نے پروفیسر کے قبضے سے دوپستول بھی برآمد کیے ہیں۔ منشیات برآمد ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔
مزید پڑھیں: تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے 11 افراد گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ملک کے تعلیمی اداروں میں طلبہ میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھنے کی سروے رپورٹ کے بعد قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: بے روزگار نوجوان منشیات اور جرائم کی طرف جارہے ہیں، عمران خان
رپورٹ کے مطابق مختلف تعلیمی اداروں میں دس فیصد لڑکے اور چار فیصد لڑکیوں میں منشیات استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔