پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہت کہ پشاور میں فائرنگ کرکے ایک خاتون پولیس اہلکار کو قتل کردیا گیا، فائرنگ کا واقعہ پشاور کے تھانہ شاہ پور کی حدود میں پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پیٹرول پمپ کے قریب فائرنگ کی، مقتول لیڈی کانسٹیبل چارسدہ میں تعینات تھی، واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
اس کے علاوہ پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں ایک اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادی ہال سے جاتے ہوئے گاڑی پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے جوبلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔
کراچی میں جوبلی مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا تھا جسے اسپتال پہنچایا جارہا تھا کہ وہ اسپتال منتقلی کے دوران ہی دم توڑ گیا۔
کراچی پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ایوب کے نام سے ہوئی، مقتول پولیس اہلکار چاکیواڑہ تھانے میں تعینات تھا۔