پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون سب انسپکٹر رضوانہ حمید کو پشاور سرکل میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) تعینات کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے سب انسپکٹر رضوانہ حمید کو پولیس اسٹیشن گلبرگ کی ایس ایچ او تعینات کردیا۔ رضوانہ حمید گزشتہ 3 برسوں سے ویمن پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں۔
رضوانہ حمید کا کہنا ہے کہ جرائم اور دہشت گردی سے نمٹنا ان کے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضافی عہدے کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور یہ ذمہ داریاں نئی نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں: بم ڈسپوزل یونٹ کی پہلی خاتون اہلکار
خیال رہے کہ سب انسپکٹر رضوانہ حمید نے سنہ 1996 میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس میں شمولیت اختیار کی تھیں اور وہ اس دوران محکمہ پولیس میں مختلف عہدوں پر فائز رہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سنہ 2014 میں ایڈیشنل آئی جی سندھ کے احکامات پر غزالہ سید کو بطور ایس ایچ او کلفٹن تھانہ تعینات کیا گیا تھا جو کراچی کی تاریخ کی پہلی خاتون ایس ایچ او تھیں۔
مزید پڑھیں: لاہور میں 19 سال بعد خاتون ایس ایچ اوتعینات
دو ماہ قبل لاہور میں بھی 17 سال بعد خاتون پولیس فسر غزالہ شریف کو ایس ایچ او تعینات کیا گیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔