پشاور : حیات آباد سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں شہید میجر جمال کو سپرد خاک کردیا گیا جبکہ حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش دھماکے میں شہید میجرجمال کی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور پٹھان کہور کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر خرم شہزاد، ایف سی سیکٹر کمانڈر ساؤتھ بریگیڈ نصر حیات اور دیگرحکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی جانب سے شہید کے قبر پر پھول چڑھائے گئے۔
دوسری جانب پشاور کے علاقے حیات آباد سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ دہشت گردی دفعات کے تحت نامعلوم کیخلاف درج کیا گیا۔
یاد رہے اس سے قبل بھی پشاور خودکش حملے میں شہید ہونے والے میجرجمال کی نمازجنازہ ادا کی گئی، جس میں گورنرکے پی کے ظفر اقبال جھگڑا، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک، کورکمانڈرپشاور سمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید میجرجمال کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی کو تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے جہاں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ شہید کی تدفین کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : حیات آباد میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، میجر جمال سمیت 2 اہلکار شہید
واضح رہے کہ گزشتہ روز حیات آباد میں ایف سی قافلہ پرخودکش دھماکہ ہوا تھا، جس میں میجر سمیت دو اہلکار شہید ہوئے تھے۔