پشاور: ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ نیب نے عدالتی حکم کا سہارا لے کر مالم جبہ اسکینڈل کی انکوائری بند کی ہے، عدالت نے انکوائری بند کرنے کا حکم جاری نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ مالم جبہ اسکینڈل انکوائری بند کرنے کا حکم عدالت نے نہیں دیا تھا، عدالت نے کہا تھا یہ 2 ڈیپارٹمنٹس کا مسئلہ ہے مل بیٹھ کر حل کریں لیکن نیب نے انکوائری ہی بند کر دی۔
پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، بینک آف خیبر انکوائری ٹھیک طریقے سے کرانے اور ملوث افسران کو بچانے کے خلاف کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار عادل ظریف کے وکیل علی گوہر درانی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ بار بار نوٹس کے باوجود نیب نے ابھی تک رپورٹ جمع نہیں کی۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب عظیم داد نے عدالت کو بتایا کہ دو رپورٹس ہیں، بلین ٹری سونامی رپورٹ تقریباً تیار ہے، اور جلد جمع کر دیں گے، جب کہ بینک آف خیبر رپورٹ بھی جمع کریں گے، اس پر جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے دو نہیں تین رپورٹس جمع کرنے کا حکم دیا ہے۔
مالم جبہ اسکینڈل: نیب نے پرویز خٹک کے خلاف انکوائری روک دی
انھوں نے کہا عدالت نے کوئی انکوائری بند کرنے کا حکم نہیں دیا لیکن نیب نے اس عدالت کے آرڈر کا سہارا لے کر مالم جبہ انکوائری بند کر دی ہے، جسٹس روح الامین نے کہا کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ یہ دو ڈیپارٹمنٹس کے درمیان مسئلہ ہے، مل بیٹھ کر اس کو حل کریں، عدالت نے انکوائری بند کرنے کا نہیں کہا، نیب نے مالم جبہ انکوائری ہی بند کر دی۔
عدالت نے نیب کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بینک آف خیبر انکوائری کی جامع رپورٹس جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 26 جنوری تک ملتوی کر دی۔
علی گوہر درانی ایڈووکیٹ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مالم جبہ کیس کو نیب نے دبایا ہے، مالم جبہ اسکینڈل میں بڑے افسران ملوث ہیں، شاید اس وجہ سے نیب اس کیس میں دل چسپی نہیں لے رہا اور ان کو بچانے کی کوشش میں ہے۔
نیب نے احتساب عدالت کو انکوائری بند کرنے کی درخواست کی ہے، اور اس میں یہ مؤقف تھا کہ پشاور ہائیکورٹ نے انکوائری بند کرنے کا حکم دیا ہے، لیکن پشاور ہائی کورٹ نے انکوائری بند کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا، آج عدالت کے معزز جج جسٹس روح الامین نے نیب پراسیکویٹر کو بھی کہا کہ عدالت نے مالم جبہ انکوائری بند کرنے کا کہیں پر بھی حکم نہیں دیا۔
انھوں نے کہا کہ عدالت نے نیب کو 26 جنوری تک مالم جبہ اسکینڈل، بلین ٹری سونامی، بینک آف خیبر سے متعلق انکوائری کی جامع رپورٹ کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔