پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ کے پی میں رات12بجے سے صحت کارڈ بحال ہوچکا ہے،۔
انہوں نے بتایا کہ رات 12 بجےسے اب تک 700 مختلف مریضوں کے آپریشنز ہوچکے، صحت کارڈ کی ماہانہ لاگت 3 بلین تک پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اب صحت کارڈ کے بند ہونے کی نوبت دوبارہ نہیں آئے گی، صحت کارڈ میں1800 سے زائد امراض کا علاج شامل ہے۔
قاسم علی شاہ نے کہا کہ اووربلنگ کے معاملے پر نگرانی خود کروں گا، صحت کارڈ پر پہلے 180اسپتال تھے اب118ہوگئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ادویات کی کمی پوری کرنے کیلئےاقدامات کریں گے، انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کے پی کے میں مالی بحران کی وجہ سے ایم ٹی آئیز اسپتالوں میں صحت کارڈ پر علاج 19 اکتوبر 2023ء سے بند تھا، تاہم اب صوبے کے تمام بڑے اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔