پشاور: پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے کے عینی شاہد نے انکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا نماز پڑھنے کے لئے مسجدکی طرف جارہا تھا دھماکہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے کے عینی شاہد پولیس اہلکار نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نماز پڑھنے کے لئے مسجدکی طرف جارہا تھا دھماکہ ہوگیا اور ہرطرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دوران نماز ڈیوٹی پر اہلکار ہوتے ہیں مگر مسجد کی اتنی زیادہ سیکیورٹی نہیں ہوتی، اس مسجد میں ڈی ایس پی سمیت تمام پولیس اہلکار نماز ادا کرنے آتے ہیں۔
یاد رہے پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں نمازظہرکے دوران خوفناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں سترہ نمازی شہید اور ساٹھ سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ دھماکے کی آوازاتنی شدید تھی کہ دوردورتک سنی گئی، دھماکا مسجد کے اندر ہوا، جس سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہوگیا، جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد دبے ہوسکتے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک مبینہ خود کش حملہ آور مسجد میں داخل ہوا اوراس نے اپنے آپ کو اڑا لیا مگراب تک تصدیق نہیں کی گئی۔
دھماکے سے پولیس لائن کی دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، سیکیورٹی فورسزنے علاقےکو گھیرے میں لےکر شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔