پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاورمیں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق یکہ توت دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی جبکہ دھماکے کے 7 زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
دوسری جانب ہارون بلور کی شہادت پرخیبرپختونخواہ بارکونسل کی کال پرتین روزہ سوگ اور ہڑتال جاری ہے جس کے باعث صوبے بھر میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے۔
پشاور خودکش دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی
خیال رہے کہ 10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنرمیٹنگ کے دوران خودکش حملے میں ہارون بلورسمیت 21 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر 2012 اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو شہید کیا گیا تھا، اس سانحے میں عوامی نیشنل پارٹی رہنما سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔