پشاور میں رہزنی اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزم مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم اسد اور ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے تھانہ متھرا پولیس نے ناکہ بندی کی تھی، روکے جانے پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم اسد مارا گیا جس کے قبضے سے دو موبائل فون، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیاگیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔
دوسری جانب لواحقین نے الزام لگایا کہ رقم نہ دینے پر اسد کو قتل کیا گیا جبکہ دیگر افراد کو چھوڑا گیا اور پولیس نے نوجوان کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے کر تشدد کیا۔
اسد کے لواحقین کی جانب سے مبینہ پولیس تشدد سے ہلاکت کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے، لواحقین کی جانب سے سوری پل کے سامنے احتجاج کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے سکھر میں کچے کے علاقے سدوجا میں آپریشن کر کے 2 مغویوں کو بازیاب کروا لیا، پولیس کے مطابق بازیاب کرائے گئے افراد کو 27 اور 28 مئی کی درمیانی شب اغواء کیا گیا تھا۔
پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، پولیس کا کہنا تھا کہ جوابی فائرنگ سے ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔